ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کا سرکاری چینی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کریک ڈاون جاری ہے اس سلسلے میں غلہ منڈی میں ریٹ لسٹ اور بینر آویزاں نہ کرنے والے چینی ڈیلرز کی 5 دکانیں سیل کردی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔چئیرمین فوڈ شیخ مظہر عباس بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے کہا کہ غلہ منڈی کے ڈیلر سرکاری چینی کے 88 روپے کلو کے ریٹ آویزاں کرنے کے پابند ہیں تاکہ عام مارکیٹ میں ریٹیلرز 90 روپے میں فروخت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے چینی مافیا کو منطقی انجام تک پہنچانے کا ٹاسک دیا ہے اس حوالے سے ملتان میں لاکھوں روپے کی چینی خوردبرد ہونے سے بچائی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے 27 سو سے زائد دکانات و مقامات پر امپورٹڈ چینی 90 روپے کلو دستیاب ہے۔90 روپے کلو سے زائد ریٹ پر چینی فروخت کرنے والے سخت کارروائی کیلئے تیار رہیں۔