کراچی (جنگ نیوز) ”جیوفلمز“ اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے اشتراک سے بننے والی پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی سپر ہٹ اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ کئی ممالک میں ریلیز ہونے کے بعد اب ”چین“ میں بھی ریلیز کی جا رہی ہے۔ جمعہ 19نومبر کو چین کے سنیمائوںمیں یہ فلم چینی زبان میں ڈب کر کے پیش کی جارہی ہے۔ 2018ء کی بلاک بسٹر فلم بیرون دنیا کے کئی ممالک اور کئی زبانوں میں ریلیز کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس فلم نے پاکستانی باکس آفس پر بھی بزنس کے نئے ریکارڈ اپنے نام کئے۔ پاکستان کیلئے یہ فخر کی بات ہے کہ فلم کے ہدایتکار عزیز جندانی نے وہ کام کردکھایا ہے جو پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی نہ کرسکا۔ فقید المثال فلم کو پاکستان میں ”جیوفلمز“ اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے اشتراک سے 2018ء میں ریلیز کیا گیا تھا جس نے ملک بھر میں بے مثال بزنس کرکے فلم انڈسٹری میں نئی مثال قائم کی تھی اور ہر عمر کے افراد کے دِل جیت لئے تھے۔