• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ایل پی کے ساتھ سیاسی اتحاد کی کوئی بات نہیں ہوئی، نہ زیر بحث ہے، فرخ حبیب


وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے ساتھ سیاسی اتحاد کی کوئی بات نہیں ہوئی، نہ زیر بحث ہے، ملک میں امن ہم سب کی ترجیح ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی، معیشت سے متعلق ان چیزوں کو مینیج کرنا ہے اور بہتر مینیج کیا گیا ہے، ٹی ایل پی سے معاہدہ بھی سامنے آجائے گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ آپ کو احتساب نظر نہیں آتا؟ جو دندناتے پھرتے تھے سب جیلوں میں گئے، شہباز شریف پر 7 ارب کا ٹی ٹی کیس اور 25 ارب کا جعلی اکاؤنٹس کیس ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ریکوری نہیں ہوئی، لاہور میں نواز شریف کی جائیدادیں نیلام ہورہی ہیں، احتساب کاعمل جاری ہے اور احتساب کریں گے، عمران خان احتساب پر ڈٹے ہوئے ہیں اور یہی ان کا عوام سے وعدہ ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ آج عمران خان احتساب سے پیچھے ہٹ جائیں تو یہ لوگ عمران خان کے نعرے ماریں گے اور لڈیاں ڈالتے پھریں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ آپ ہم سے لوٹ مار کا حساب نہ مانگیں، پنجاب میں 10 سال وزیراعلیٰ رہنے والے کیٹ واک وزیر اعلیٰ تھے، آتے جاتے شو بازیاں اور فوٹو شوٹ کرواتے نظر آتے تھے، لاہور میں پانی کھڑا ہوجاتا تو ہیٹ اور لانگ بوٹ پہن کر آجاتے تھے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ جہاں پانی کھڑا ہوتا تھا، وزیراعلیٰ بزدار نے 14 ملین گیلن کا واٹر اسٹوریج بنادیا، آج لاہور کے نشیبی علاقے میں پانی کھڑا نہیں ہوتا، بزدار حکومت نے بے شمار کام کیے، 17 نئی یونیورسٹیاں اور 8 اسپتال بن رہے ہیں، آج پنجاب میں ان کے دور حکومت سے زیادہ فنانشل مینجمنٹ ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اب بھی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اسے مزید مضبوط کریں گے، اتحادیوں کی جائز بات پر عمل درآمد کرتے رہے ہیں اب بھی تحفظات سامنے آئے تو دور کریں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہم سب ایک پیج پر ہیں، پاکستان میں جمہوری عمل آگے بڑھنا چاہیے، حکومت وقت پورا کرے گی، اپوزیشن کی کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اس کا نتیجہ صفر برابر صفر ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہم سب کو اپنا اپنا میچ نہیں کھیلنا، جس طرح کرکٹ ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیلی ہم سب کو اسی طرح کھیلنا ہے، ہم سب کو ایک ٹیم بن کر اجتماعی طور پر پاکستان کا میچ کھیلنا ہے اور اسے آگے لے جانا ہے۔

تازہ ترین