وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)کونسلر عمران حمید ملک نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعظم پاکستان عمران خان اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے ایجنڈے میں ضلع کوٹلی کو بھی شامل کیا جائے ۔ انہوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کوٹلی اس وقت آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع ہے ۔ اس ضلع کی ساڑھے سات لاکھ سے زائد آباد ی ہے یہاں کے عوام کی لاکھوں کی تعداد برطانیہ یورپ مڈل ایسٹ دوسرے ممالک میں آباد ہے، اپنی ریاست میں کاروبار نہ ہونے کے باعث بیرون ملک ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کوٹلی کو انڈسٹری اور صنعت و حرفت اور تجارت کا مرکز بنایا جائے ۔ انہوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کوٹلی کے لوگ بے روزگار ہیں ۔ زمینوں پر سرمایہ داروں نے قبضہ کررکھا ہے ، غریب عوام کاجینا مشکل ہے، اس وقت آزاد کشمیر کے عوام کی نظریں وزیراعظم پاکستان عمران خان پر لگی ہوئی ہیں وہ ضلع کوٹلی کو سی پیک پراجیکٹ کے ساتھ ملانے کےلئے اعلان کریں تاکہ بیرون ملک آباد کشمیری وہاں سر مایہ کاری کرسکیں ۔ انہوں نے کہا میرپور ،مظفرآباد، منگلا کے ساتھ ضلع کوٹلی کو بھی سی پیک پراجیکٹ میں شامل کیا جائے ۔ضلع کوٹلی اسلام آباد سے تین گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے، جیان تحصیل سہنسہ کو آزاد کشمیر کا دوسرا دارالحکومت بنایا جاسکتا ہے ۔ کونسلر عمران حمید ملک نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر اسمبلی کی منظور شدہ قرار داد کی روشنی میں میرپور میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر کا وعدہ پورا کریں ۔ اس سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا خصوصاً سیرو سیاحت کی انڈسٹری کو فروغ ملے گا ۔ آزاد کشمیر میں غیرملکی سرمایہ کاری سے مہنگائی کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے نظام شمسی توانائی سولر سسٹم کے نفاذ کے لیے عوام کو سہولیات دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ آزاد کشمیر کے تمام دریاؤں پر مذید ڈیم تعمیر کئے جائیں ۔ آزاد کشمیر میں آئل اینڈ گیس کے ذخائر کی دریافت کو اہمیت دی جائے تاکہ جنگلات کو کٹائی سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمرانوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آزاد کشمیر کو خوراک کے معاملے میں خوکفیل بنانے کےلیے اقدامات کریں ۔