• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی بحران کے ذمہ داروں کیخلاف سختی سے ایکشن لیا جارہا ہے، فخرامام

ملتان(سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق فخر امام شاہ نے کہا ہے کہ چینی بحران کے ذمہ داروں کیخلاف سختی سے ایکشن لیا جارہا ہے کسی بھی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کا انحصار معیاری تعلیم پر ہوتا ہے اور کوئی بھی ملک تعلیم کے بغیر ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا اان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی تعلیمی ادارے کے پہلے کانووکیشن سے خطاب میں کیا۔ 

فخر امام کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کا بحران ناجائز منافع خوروں اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کا پیدا کردہ ہے جس کیخلاف سختی سے ایکشن لیا جارہا ہے، مافیاز ملی بھگت سے کارٹلائیزیشن اور ناجائز منافع خوری سے عوام کو اذیت دیتے ہیں ہر پاکستانی کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی میں حکومت کا ساتھ دیں۔

افسوس قائد اعظم کے بعد پاکستان کو ان جیسا لیڈر دوبارہ نہ مل سکا آج وزیراعظم عمران خان لوگوں کی امید ہیں و کرکٹ سٹار کے طور پر ہر پاکستانی کے دل میں بستے ہیں آج وہ بحیثیت وزیراعظم ہر دکھی اور غریب پاکستانی کا درد اپنے دل میں محسوس کرتے ہیں اور ان کو ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ 

نوجوان ہمارے ملک کی مجموعی آبادی کا 65 فیصد ہیں طالب علموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے انہیں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے ملک میں معیاری تعلیم کو فروغ دیں۔ہمیں دیکھنا ہوگا کہ دنیا کی پہلی 500 یونیورسٹیوں میں ہماری کتنی یونیورسٹیز کا نام ہے ہمیں اپنا معیار تعلیم بلند کرنا ہو گا۔ 

اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان خود مختار اور خوشحال ہو تو ہمیں محنت کی راہ کو اپنانا ہو گا تب کہیں جا کر اقوام عالم میں پاکستان کا نام روشن ہو گا ہمیں چین سے سیکھنا ہوگا کہ کس طرح وہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آج دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن رہا ہے۔

جو طالب علم اپنا نام روشن دیکھنا چاہتے ہیں وہ محنت کو اپنا شعار بنا لیں ، ہم آبادی کے لحاظ سے دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہیں مگر ترقی میں ہم بہت پیچھے ہیں ہمیں مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر ماہرین تعلیم، اساتذہ کرام اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی، فخر امام نے ادارے کے مین کیمپس کی بلڈنگ کا افتتاح کیا اور طلبا و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں ۔

تازہ ترین