• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو درست پھینٹا لگایا: شعیب اختر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے لیے دُکھ ہوا ہے لیکن فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کی درست پھینٹی لگائی ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کی جیت اور نیوزی لینڈ کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ’فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ایسا پھینٹا لگایا کہ اُنہیں میچ میں آنے ہی نہیں دیا۔‘

شعیب اختر نے کہا کہ ’نیوزی لینڈ میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی چاہ ہی نہیں تھی جبکہ آسٹریلیا نے ہمیشہ کی طرح بہترین کرکٹ کھیلی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے یہ سمجھ نہیں آیا کہ نیوزی لینڈ نے فلپس کو کیوں کِھلایا؟ ان سے کھیلا ہی نہیں جاتا تو ٹیم میں شامل کرنے کا کیا مقصد تھا۔‘

شعیب اختر نے یہ بھی کہا کہ ’نیوزی لینڈ کے لوگ اتنے اچھے ہیں کہ کوئی بھی باآسانی ان کو ہرا دیتا ہے لہٰذا انہیں اپنی ٹیم کی بولنگ بہترین کرنی ہوگی۔‘

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ’مجھے نیوزی لینڈ کے لیے دُکھ ہوا ہے کیونکہ وہ  فائنل میں پہنچنے کے بعد بھی جیت نہیں سکا اور ایسا ماضی میں بھی بہت بار ہوا ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’نیوزی لینڈ کرکٹ کا مستقبل روشن ہے لہٰذا اُنہیں تگڑا ہونا پڑے گا اور پرفارمنس بہترین کرنی ہوگی۔‘

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں نیوزی لینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلیا پہلی مرتبہ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کا چیمپئن بن گیا۔

تازہ ترین