کراچی (نیوز ڈیسک)دنیا میں دولت کی ریل پیل میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، کاروبار میں اضافے، معاشی ترقی اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے چین نے دولت جمع کرنے کے میدان میں امریکا کو پیچھے چھوڑ کر اول پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
اس طرح چین نے دنیا میں امیر ترین ملک ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق، دنیا میں اس وقت مجموعی طور پر دولت کا حجم 514؍ کھرب ڈالرز ہے جو 2000ء میں صرف 156؍ کھرب ڈالرز تھا۔
اس تناسب سے دیکھیں تو اس میں چین کا حصہ 120؍ کھرب ڈالرز ہوگیا ہے جو گزشتہ 20؍ سال قبل صرف 7؍ کھرب ڈالرز تھا۔اس طرح چین کی مجموعی دولت میں 113کھرب ڈالر ز کا اضافہ ہوا ہے ، امریکا کی مجموعی دولت میں بھی دگنا اضافہ ہوا ہے اور اس طرح یہ 90؍ کھرب ڈالر تک جا پہنچی ہے۔
امریکا کی مجموعی دولت میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 50کھرب ڈالر اضافہ ہوا، جرمنی اور فرانس کی مجموعی دولت میں 14، 14کھرب ڈالرز،برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی مجموعی دولت میں 7،7،کھرب ڈالرز ، جاپان اور میکسیکو کی مجموعی دولت میں گزشتہ 20برس کے دوران 3،3کھرب ڈالرز کا اضافہ ہوا ۔