• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ چین سے روابط وتعاون منقطع نہ کرے ، جرمن چانسلر

برلن ( نیوز ڈیسک) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ یور پ کو تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون منقطع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق دانش دنیا کے لیے بڑا چیلنج ہے، تاہم چین کی شراکت داری میں بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے ساتھ ایک انٹرویو میں رخصت پزیر چانسلر کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ کشیدگی کے باوجود جرمنی اور یورپ کے لیے تحقیق و ترقی کے شعبے میں چینی اداروں کے ساتھ تعاون کی اپنی اہمیت ہے۔ مرکل نے کہا کہ چین کی جانب سے جرمن اداروں میں جاسوسی اور ٹیکنالوجی کی چوری جیسے امور پر خدشات کے باوجود چین سائنسی اور صنعتی شعبوں میں جرمنی اور یورپ کا اہم شراکت دار ملک ہے اورہم ان میدانوں میں بیجنگ کے تعاون سے بے نیاز نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ کے ساتھ تعلقات جتنے بھی کشیدہ ہوجائیں،لیکن یورپ کا مکمل طور پر رابطہ یا تعاون منقطع کرنا درست نہیں ہو گا، بلکہ یہ ہمارے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا۔ چینی سائنس دان بین الاقوامی نظام کا حصہ ہیں اور ضروری ہے کہ ان کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ چین اور مغربی ممالک کے درمیان 5جی نیٹ ورک اور سیمی کنڈکٹر جیسی اہم ٹیکنالوجی کے حوالے سے مسابقت بڑھتی جا رہی ہے۔ رواں ماہ کے اوائل میں امریکا اور یورپی یونین کی ٹریڈ اینڈ ٹیکنالوجی کونسل (ٹی ٹی سی) نے ایک اجلاس منعقد کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی قیادت میں ٹیکنالوجی کے مسائل، سیمی کنڈکٹر کی محفوظ فراہمی اور چین کے بڑھتے غلبے کا مقابلہ کرنے کے لیے، کثیر الجہتی بنیادوں پر ازسر نو غور کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین