• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سنیما کی عالمی سفیر ”ڈونکی کنگ“ کی چین میں کامیاب نمائش جاری

کراچی (نیوز ڈیسک) ”جیوفلمز“ اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے اشتراک سے تخلیق کی گئی پاکستان کی سب سے بڑی سپرہٹ اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ کی چین میں شاندار اور کامیاب نمائش جاری ہے۔ پاکستان سمیت دُنیا کے کئی ممالک میں بزنس کے ریکارڈ قائم کرنے والی اس اینی میٹڈ فلم کو چین میں چائنیز زبان میں ڈب کرکے ریلیز کیا گیا ہے۔ عالمی توجہ حاصل کرنے والی اس فلم نے چین کے عوام کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ فلم کی دلچسپ کہانی اور اپنے پسندیدہ کردار ”ڈونکی کنگ“ کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں اور مختلف شوز میں بچے، بڑے، بوڑھے سب ہی فلم کو انجوائے کررہے ہیں۔چین کے مختلف تھیٹرز کے باہر عوام کا رَش ہے۔ ہر شہر میں ”ڈونکی کنگ“ کو خوب سراہا جارہا ہے۔ فلم دیکھنے کے بعد عوام کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت زیادہ خوشی ہے کہ پاکستان کی سپر ہٹ فلم چین میں ریلیز کی گئی ہے۔ فلم کی کہانی اور گیت بہت مزیدار ہیں۔ ہر عمر کے افراد نے بے مثال کہانی، زبردست ایکشن، اعلیٰ ساؤنڈ ایفیکٹس، عمدہ ڈائیلاگز اور جاندار اینی میشن کو دِل کھول کر سراہا۔ عوام نے اپنے تاثرات میں مزید کہا کہ اس فلم کو دیکھ کر ہمیں اپنا بچپن یاد آگیا ہے۔ فلم کے اندر مزاح اور تفریح کا بہترین امتزاج ہے۔ اس فلم میں منفرد اپنائیت ہے اس طرح کی مزید فلمیں بننی چاہئیں۔ یاد رہے کہ یہ حالیہ دِنوں میں پاکستان کی پہلی فلم ہے جو 2021؁ء میں چین میں اتنے وسیع پیمانے پر تھیٹرز میں ریلیز کی گئی ہے۔ پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی اینی میٹڈ فلم اسپین، جنوبی کوریا، روس، یونان، ترکی، پیرو، کولمبیا، ایکواڈور اور یوکرین سمیت 10سے زائد ممالک میں ریلیز ہوکر پاکستانی سنیما کی عالمی سفیر بن گئی ہے۔

تازہ ترین