اسلام آباد (حنیف خالد) ملک بھر میں چینی کے ایکس مل ریٹ 150 روپے کلو سے کم ہو کر 88 روپے تک آگئے ہیں ۔ منگل 23 نومبر کو کلوزنگ ایکس مل ریٹ لوئر سندھ میں 88 روپے بالائی سندھ میں 88 روپے 40 پیسے فی کلو ہوگئے۔ جنوبی پنجاب کی شوگر ملیں 23 نومبر منگل کی شام اپنی نئے کرشنگ سیزن کی سفید کرسٹلائز چینی 89 روپے سے لیکر 89 روپے 25 پیسے فی کلو کے سودے کرتی رہیں۔ وسطی پنجاب کے شوگر مل مالکان گزشتہ روز آخری سودے 90 روپے 50 پیسے سے 91 روپے فی کلو ایکس مل ریٹ پر کر رہے تھے۔ شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک نے منگل کی شب بتایا کہ شوگر مل مالکان ڈیلر کو چینی پر 25 پیسے فی کلو کمیشن دینے لگے ہیں جبکہ ڈیلر سے یہ چینی اپنی ٹرانسپورٹ میں اٹھا کر اپنی لیبر کے ساتھ 2 روپے کلو جملہ اخراجات سمیت ریٹیلرز کو سپلائی کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی پرچون میں ریٹ زیادہ ہیں لیکن اگلے ہفتے تک ایکس مل ریٹ اور ریٹیل ریٹ میں 8 سے 10 روپے کلو کا فرق ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جو چینی 88 روپے فی کلو ایکس مل ریٹ پر فروخت ہوئی وہ آئندہ ہفتے 85 روپے کلو یا اس سے کم پر آجائے گی کیونکہ کے پی کی شوگر ملوں کی چینی آئندہ دو روز میں اوپن مارکیٹ میں پہنچے گی۔