اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے بیوروکریٹس اور ججز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ معطل کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کےعبوری آرڈر کیخلاف فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے دائر درخواستیں نمٹادیں۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل تین رکنی اسپیشل بینچ نے بیوروکریٹس اور ججز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ معطل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے عبوری آرڈر کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت عظمیٰ نے بیوروکریٹس اور ججز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ معطل کرنے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کےعبوری آرڈر کیخلاف فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے دائر درخواستیں نمٹا تے ہوئے قرار دیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اصل کیس میں فیصلہ محفوظ کردیا ہے اس لیے معاملے میں سپریم کورٹ کی مداخلت مناسب نہیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے آرڈر میں قراردیا کہ درخواست گزاروں کے اعتراضات نوٹ کردیئے ہیں، ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جائے گا۔