• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم کس حیثیت سے وزیراعظم ہاؤس کا میڈیا سیل چلارہی تھیں، فرخ حبیب


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز زیادہ منافع چاہتے ہیں جس سے لوگوں پر اضافی بوجھ بڑھے گا، حکومت نے پٹرول ڈیلرز کیلئے جائز منافع کی سمری ای سی سی کو تجویز کردی ہے۔

مریم نواز کس حیثیت سے وزیراعظم ہاؤس کا میڈیا سیل چلارہی تھیں، ہمارے دور میں میڈیا کو اشتہارات دینے کا شفاف طریقہ کار ہے، ہر چینل کو اس کی ریٹنگ کے مطابق اشتہارات دیئے جارہے ہیں۔

وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری اور ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی بھی شریک تھے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں، میں وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا سیل کا حصہ تھاجو پارٹی بیانیہ کو ڈیل کرتا تھا۔

مریم نواز اس میڈیا سیل کو ہیڈ کرتی تھیں لیکن وہ ہماری پارٹی کا میڈیا سیل تھا، ن لیگ میڈیا کو اشتہارات کے ذریعہ کنٹرول کرتی تھی تو گھنٹوں دھرنے کی کوریج کیسے کی جاتی تھی۔

ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی نے کہا کہ مریم نواز آڈیو میں جن اشتہارات کی بات کررہی ہیں میری معلومات کے مطابق اس کا تعلق حکومتی اشہارات سے ہے۔

بدقسمتی سے ہر حکومت ریٹنگ اور سرکولیشن کے بجائے اپنی مرضی سے اشتہار دیتی ہے، مریم نواز کے موقف میں تضاد ہے، مریم نواز حکومتی عہدہ نہ رکھنے کے باوجود حکومت کے لوگوں کو ہدایات دیتی تھیں۔

عمران خان نے اپوزیشن میں وزیراعظم نواز شریف سے ملنے والے 18 صحافیوں پر پیسے لینے کا الزام لگایا تھا، عمران خان حکومت میں ہیں اس کی تحقیقات کروائیں ورنہ معافی مانگیں۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ پٹرول پمپس ایسوسی ایشن اپنا مارجن بڑھانے کا مطالبہ کررہی ہے۔

حکومت نے پٹرول ڈیلرز کیلئے جائز منافع کی سمری ای سی سی کو تجویز کردی ہے، پٹرولیم ڈیلرز زیادہ منافع چاہتے ہیں جس سے لوگوں پر اضافی بوجھ بڑھے گا۔

وزارت پٹرولیم بات کررہی ہے یہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا، اس وقت باقی اشیاء پر سیلز ٹیکس 17فیصد ہے جبکہ پٹرول پر سیلز ٹیکس صفر ہے، پٹرولیم لیوی لگانا مجبوری ہے کیونکہ بجٹ میں 650ارب روپے اس مد میں رکھے گئے ہیں، ہم نے پٹرول پر ٹیکس کم کر کے عوام کو ریلیف دیا ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز کس حیثیت سے وزیراعظم ہاؤس کا میڈیا سیل چلارہی تھیں، مریم نواز کس حیثیت سے بڑے میڈیا گروپس کے اشتہارات بند کرنے کا حکم جاری کررہی تھیں، مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ مریم نواز کی آڈیو 2010ء کی ہوسکتی ہے،ہماری حکومت میں 15 / 85 کا فارمولا ہے، ایڈورٹائزنگ ایجنسیاں پہلے پیسے دبالیتی تھیں اب چینلز براہ راست چیک وصول کرتے ہیں۔

ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت نے کسی شعبہ میں بھی عوام کو ریلیف نہیں دیا، پٹرولیم ڈیلرز کے ساتھ معاملہ دو چار دن میں حل ہوجائے گا مگر اس دوران عوام تکلیف اٹھارہی ہے۔

پٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں، ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط سے بھی منسلک ہے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ مخالفین مریم نواز پر وزیراعظم ہاؤس میں میڈیا سیل چلانے کا الزام لگاتے رہے ہیں، مریم نواز نے ایک پرانی ویڈیو میں اسی تناظر میں کہا تھا کہ میرا کوئی میڈیا سیل نہیں ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں میڈیا کو بڑا نقصا ن ہوا، میڈیا کے کیمرہ مین اور صحافی خودکشیوں پر مجبور ہیں، ن لیگ اگر میڈیا کو اشتہارات کے ذریعہ کنٹرول کرتی تھی تو دھرنے میں عمران خان کی واک بھی چار چار گھنٹے کیسے دکھائی جاتی تھی، دھرنے میں خالی کرسیاں ہوتی تھیں کوئی چینل وہ نہیں دکھاتا تھا۔

تازہ ترین