اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) شہباز شریف حکومت نے نوجوانوں کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم کی بالائی حد 233 اعشاریہ 33 فیصد اضافے سے75 لاکھ سے بڑھاکر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کر دی ہے۔وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیا ٹیئر 4 متعارف کرا دیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں ترمیم کا مراسلہ تمام بینکوں کو ارسال کر دیا ہے۔مراسلے کے مطابق نئے ٹیئر 4 میں قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے زیادہ اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوگی۔ ٹیئر 4 کے تحت طویل مدتی قرضوں کی مدت زیادہ سے زیادہ 8 سال ہوگی اور 8 سالہ قرض میں 1 سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگابینک کی پالیسی کے مطابق سیکیورٹی لی جائے گی۔ ٹیئر 1 کے تحت 5 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا۔ ٹیئر 2 کے تحت 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا۔ٹیئر 3 کے تحت 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹیئر 4 کا بینک ریٹ 6 ماہ کے کائیبور پلس 2اعشاریہ 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹیئر 4 میں صارف کے لیے شرح 8 فیصد مقرر کی گئی ہے۔رسک کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج دی جائے گی۔ ٹیئر 3 کی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گی،مراسلے کے مطابق ٹیئر 3 کا بینک ریٹ بھی 6 ماہ کے کائیبور پلس 2اعشاریہ 4 فیصد کر دیا گیا ہے۔لیپ ٹاپ فار آل اور پروسپیکٹو اوورسیز ورکرز اب ٹیئر 5 میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔ بینکوں کو اسکیم میں خواتین کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق دیگر شرائط و ضوابط اور سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار برقرار رہے گا۔ نئی شرائط مراسلے کے اجراء کی تاریخ کے بعد تقسیم ہونے والی فنانسنگ پر لاگو ہوں گی۔وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے لیے آسان شرائط پر قرض فراہم کر کے خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے،اس سے قبل اسکیم میں 3 ٹیئر موجود تھے، ٹیئر 1 میں 5 لاکھ روپے تک 0 فیصد، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ اور 15 لاکھ روپے تک 5 فیصد، جبکہ ٹیئر 3 میں 15 لاکھ روپے سے زیادہ اور 75 لاکھ روپے تک 7 فیصد شرح پر قرض دیا جاتا تھا۔