• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل نسلہ ٹاور کے قریب جو ہوا اس کا صوبائی وزرا کو علم تھا، خرم شیر زمان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ کل نسلہ ٹاور کے قریب جو ہوا اس کا صوبائی وزراء کو علم تھا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ  کل آباد کے ممبران پر تشدد کیا گیا وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ کل نسلہ ٹاور کے قریب جو ہوا اس کا صوبائی وزرا کو علم تھا، نسلہ ٹاور کے متاثرین کو پیسے دینا سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔

ہم کوئی دہشت گرد تھے؟ جو لاٹھی چارج کیا گیا: محسن شیخانی

اس سے قبل چیئرمین آباد محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کا مسئلہ کراچی کا مسئلہ ہے، آباد نے تعمیراتی شعبے کو ہڑتال کی کال دی تھی، ہم کوئی دہشت گرد تھے؟ جو ہم پر لاٹھی چارج کیا گیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین آباد محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے یقین دہانی کروائی تھی کہ ریگولرائزیشن کریں گے، کل سندھ اسمبلی نے بل پاس کر دیا، مگر قرار داد پاس نہیں کرائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں بغیر نقشوں کے عمارتیں بن رہی ہیں، ہم احتجاج بھی نہیں کر سکتے، آج بھی 700 عمارتیں بن رہی ہیں کوئی نہیں پوچھ رہا، کیا بلڈنگ ایک دن میں بنی، اداروں کی ذمے داری نہیں تھی، آباد کا مطالبہ ہے، عمارتوں کی اجازت دینے کے لیے ون ونڈو قائم کی جائے۔

محسن شیخانی نے کہا کہ ایک ملک میں دو قانون نہیں ہوتے، بلڈنگ کی تعمیر کے 5 سال بعد آرڈر آتا ہے کہ عمارت توڑ دی جائے، اس صورتِ حال کے بعد لوگ کیسے سرمایہ کاری کریں گے، کمشنر اور پولیس اپنی نوکری بچا رہے ہیں، شہر کو ہم تباہ کر رہے ہیں، ایک عمارت کی تعمیر کے لیے 17 این او سی لینے پڑتے ہیں، عمارت گرانے پر توجہ زیادہ اور معاوضہ دینے پر کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا ادارہ بنا دیں جس سے این او سی ملنے کے بعد اور کوئی تنگ نہ کرے، کراچی میں کئی برسوں سے 300 نقشے زیرِ التواء ہیں، وزیرِ اعظم، صدر، آرمی چیف اور بلاول بھٹو سے اپیل ہے کہ مسائل حل کروائیں، جہاں ڈاکیومنٹیشن کو نہیں مانا جا رہا وہاں کام بند کریں گے۔

چیئرمین آباد محسن شیخانی نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں بغیر نقشے کے کئی عمارتیں بنائی جا رہی ہیں، کام نہیں کرنے دیا جا رہا، بیرونِ ملک سے سرمایہ کار کیسے آئیں گے، گورنر سندھ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کو کسی کی فکر نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید