• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھاد کی ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے آن لائن پورٹل فعال کرنیکافیصلہ

لاہور ( جنرل رپورٹر ) کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور سپلائی کی مانیٹرنگ کیلئے پنجاب حکومت نے آن لائن پورٹل فوری طور پر فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اور وفاقی سیکرٹری انڈسٹریزجواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں کھاد کے کاروبار میں مڈل مین کا کردار ادا کرنے والے سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پورٹل پر فرٹیلائزرکمپنیوں سے ڈیلرز کو کھاد کی سپلائی کی مکمل نگرانی کی جائے گی ۔ انہوں نے چیئرمین پی آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل کمشنرز اورڈپٹی کمشنرزکو پورٹل پر فوری رسائی دے دی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کھاد کی قیمتوں اور گرانفروشی کیخلاف شکایت درج کروانے کیلئے رابطہ نمبرسے متعلق بینرز نمایاں آویزاں کرائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نا جائز منافع خوری میں ملوث ڈیلرز کی دکانوں کو سر بمہر کر دیا جائے اور سرحدی اضلاع میں کھاد کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے۔چیف سیکرٹری نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف انتظامی اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی ایک روز میں طلب کر لی۔ وفاقی سیکرٹری انڈسٹریز نے کہا کہ کھاد کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں نکلیں، اگلے دو روز کے اندر کھاد کی قیمتوں میں واضح کمی نظر آنی چاہئے۔
تازہ ترین