• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوٹن میں نئی ملازمتوں کے مواقع اور کاروباری ترقی کی حوصلہ افزائی کی جائیگی، راجہ اسلم خان

لوٹن( شہزادعلی) لوٹن بارو کونسل کے ڈپٹی لیڈر اور کونسل میں ہنر اور ملازمت کے پورٹ فولیو ہولڈر کونسلر راجہ اسلم خان نےکہا ہے کہ لوٹن میں ملازمتوں کے بعض نئے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے اور اس سے ہمارے رہائشیوں کو پائیدار، مستحکم اور اچھے معاوضہ والی ملازمتوں کے حصول میں مدد ملے گی۔کمیونٹی کی مدد کرنا ایک صحت مند، منصفانہ اور پائیدار شہر بنانے کے لیے لوٹن 2040 کی حکمت عملی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، لوٹن کونسل ایسے مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، جن سے ہر کوئی ترقی کی منازل طے کر سکے اور کسی کو بھی غربت میں رہنا نہ پڑے۔ انہوں نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوٹن کا ایک مورٹن ہاؤس ہمارے قصبے میں نئی ملازمتوں کو لانے کے لئے کامیاب رہا ہے جو کہ ایک اہم پیش رفت ہے، جدت اور تعاون کا یہ مرکز نہ صرف مزید ملازمتیں پیدا کرے گا اور کاروباری ترقی کی حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ ان لوگوں کو تربیت فراہم کرے گا جو اپنے مستقبل کے امکانات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور یہ سب لوٹن کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔ ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان نے بتایا کہ لوٹن کونسل میں لوٹن کی مہارت اور ملازمتوں سے متعلق ہمارا مشترکہ وژن یہ ہے کہ لوٹن ایک صحت مند، منصفانہ اور پائیدار شہر ہو گا، جہاں ہر کوئی ترقی کر سکے گا اور کسی کو غربت میں نہیں رہنا پڑے گا۔ ہمارا وژن یہ ہے کہ لوٹن کے پاس ایک ہنر مند افرادی قوت ہوگی جو بہتر مواقع پیدا کرے گی اور ایک متحرک کاروباری معیشت کو سپورٹ کرے گی۔ اس میں خواہشات اور اعلیٰ کامیابیوں کا کلچر تیار کرنا شامل ہے جو لوٹن کی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے مہارت فراہم کرتا ہے جو تمام رہائشیوں کی زندگی کے امکانات کو بہتر بناتا ہے۔ایسی حکمت عملی بنانا جو آجروں اور افراد کو Luton کی افرادی قوت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ ذمہ داری لینے کی ترغیب دے گی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ لوٹن 2040 کی ایک سٹریٹجی کے تحت لوٹن میں اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کے پھلنے پھولنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہر میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں لوٹن انویسٹمنٹ فریم ورک (LIF) کی کامیابی کے بعد، ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت کو تسلیم کیا ہے کہ Luton میں ہر کوئی اقتصادی ترقی سے مستفید ہو سکے۔ ہم ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں جن سے کوویڈ 19 کی وبا کے بعد ایک مضبوط بحالی کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ہماری معیشت کو مزید جامع اور پائیدار بنانے میں مدد کرے گی تاکہ لوٹن میں ہر کوئی شہر میں معاشی ترقی اور مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔ کونسل کی حکمت عملی کے تحت اہم ملازمت اور مہارت کے نتائج کے حصول کے لئے ایک اعلیٰ ہنر مند افرادی قوت اور ملازمت کی تیاری میں اضافہ، آجروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نوجوانوں کو کیریئر کے راستے کے چناؤ میں مدد مل سکے گی، اہم شعبوں کی ترقی اور استحکام کے لئےکام جاری ہے، لوٹن میں سرمایہ کاری جاری رکھنے اچھی تنخواہ والی نوکریاں پیدا کرنے اور ملازمتوں کے لیے مہارت کی حکمت عملی پر کام تیز تر کر دیا گیا ہے، 2021 کے دوران کونسل نے پوری تندہی کے ساتھ کام کیا ہے ہماری کونسل لیڈر ہیزل سمنز خاصی متحرک ہیں۔ انہوں نےمزیدبتایاکہ مختلف پورٹ فولیوہولڈز جانفشانی کے ساتھ لوٹن کے لوگوں کو بہتر سے بہتر سروسز کی فراہمی کےلئےکام کر رہے ہیں اور کاروبار، تعلیم اور تربیت فراہم کرنے والے، کمیونٹی گروپس، روزگار اور ہنر کی حکمت عملی پر آنے والے سال 2022 میں مزید سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

تازہ ترین