• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے طارق میر پر سیاہی پھینک دی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) متحدہ قومی موونٹ (ایم کیو ایم) کے حامیوں نے سوسائٹی آف ان ویل اینڈ نیڈی (SUN) نامی متنازعہ خیراتی ادارے کے بینر تلے چیریٹی فنڈ ریزر کے دوران ایم کیو ایم کے سابق سینئر رہنماء اور ٹریژری ہیڈ طارق میر پر سیاہی پھینک دی۔

 ایج ویئر کے قریب خیراتی تقریب کا انعقاد طارق میر نے کیا تھا جن کے پاس SUN چیریٹی کا کنٹرول ہے اور انہوں نے چیریٹی کا کنٹرول ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو دینے سے انکار کر دیا ہے۔ 

ایم کیو ایم بانی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ طارق میر اور مرحوم محمد انور نے الطاف حسین کو دھوکہ دیا اور پارٹی کے وسائل پر قبضہ کیا۔طارق میر ایسے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ قانونی حدود میں رہ کر کام کر رہے ہیں، یہ چیریٹی چند افراد کا نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے لوگوں کا ہے۔

 یہ تقریب کراچی اور دیگر جگہوں پر تعلیمی منصوبوں کے لیے رقم جمع کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

 ایم کیو ایم لندن کے پانچ کے قریب کارکن ٹکٹ خرید کر ہال کے اندر بیٹھ گئے۔

 ان میں سے تین نے طارق میر کو اس وقت گھیر لیا جب وہ واش روم سے باہر آ رہے تھے اور ان کے چہرے اور کپڑوں پر سیاہی پھینک دی اور وہاں سے چلے گئے۔ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شکایت درج کی۔ 

پنڈال کے باہر ایم کیو ایم لندن کے دو درجن کے قریب کارکنوں نے، جس کی قیادت سہیل خانزادہ، ایم کیو ایم یو کے انچارج ناصر علی، ندیم شیخ اور دیگر کر رہے تھے، طارق میر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ 

ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے تقریب میں خلل ڈالنے کے لیے ہال میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم داخلی دروازے پر سیکورٹی اہلکاروں اور ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔ ہنگامی کال کے بعد پولیس پہنچی اور مظاہرین کو پنڈال میں جانے سے روک دیا گیا تاہم سڑک کے پار سے احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی۔

 مرحوم محمد انور کے اہل خانہ سمیت ایم کیو ایم کے متعدد سابق کارکنوں کے اہل خانہ نے بھی فنڈ ریزر میں شرکت کی۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ طارق میر نے غیر قانونی طور پر SUN چیریٹی کا کنٹرول حاصل کر رکھا ہے اور وہ دسیوں ہزار پاؤنڈز کو کنٹرول کر رہے ہیں جو ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے نام پر خیراتی ادارے کو دیے گئے تھے۔

 ان کا کہنا تھا کہ SUN چیریٹی پر تنازع عدالت میں ہے اور فنڈ جمع نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کے بانی نے الزام لگایا تھا کہ طارق میر نے SUN چیریٹی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے اور یہ برنٹ اوک براڈوے کے قریب فلیٹ ہے۔

تازہ ترین