اسلام آباد( حنیف خالد ) 25یوم کے اندر چینی کے ایکس ملز ریٹ 55روپے کلو تک کم ہو گئے ہیں مگر پرچون کی سطح پر چینی کی قیمت مختلف شہروں میں اب بھی 105سے 110روپے وصول کی جا رہی ہے حالانکہ پاکستان میں چینی کے کم سے کم ایکس ملز ریٹ 85روپے پچاس پیسے فی کلو تک ہو گئے ہیں جو لوئر سندھ کی شوگر ملوں کے ہیں۔
اپر سندھ کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ اتوار 28نومبر کو 86روپے کلو رہے جبکہ جنوبی پنجاب کی شوگر ملوں کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ 86روپے پچاس پیسے فی کلو ہو گئے۔
سنٹرل پنجاب کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ کی کلوزنگ 87روپے کلو پر ہوئی۔ خیبر پختونخوا کی شوگر ملوں کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ اتوار کو 87روپے پچیس پیسے تک نیچے آ گئے۔
جبکہ 26روز پہلے 3نومبر کو پاکستان کی تاریخ کی مہنگی ترین چینی شوگر ملوں نے 140روپے کلو بیچی تھی اور صارفین کو کلو دو کلو چینی ایک سو ساٹھ روپے سے زیادہ پر خریدنے پر مجبور کیا گیا۔
حکمرانوں کے کانوں پر اس بات کی جوں تک نہیں رینگتی کہ جب چینی کے ریٹ بڑھ رہے تھے تو پرچون فروش اسی دن پرچون ریٹ بڑھا دیتے تھے اور ضلعی انتظامیہ مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوتی رہی لیکن اب جبکہ پچیس یوم میں چینی کے ریٹس میں 55روپے تک کمی ہو گئی ہے مگر ہول سیلرز اور رٹیلرز مہنگی خریدی گئی چینی آج تک مہنگی صارفین کو دے رہے ہیں۔
اتوار کو دھمیال روڈ راولپنڈی میں پانچ پانچ کلو چینی فروخت کرنے والے دکاندار 550روپے میں پانچ کلو چینی گھیریلو صارفین کو فراہم کرتے رہے۔ یہی حالات راولپنڈی کے دیگر گلی محلوں علاقوں میں بتائے جا رہے ہیں۔
پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک کے مطابق چینی کے ایکس ملز ریٹ زیادہ سے زیادہ 86/87روپے کلو ہیں‘ اس حساب سے پرچون میں چینی زیادہ سے زیادہ 96سے 98روپے کلو ضلعی انتظامیہ کو فروخت کرانی چاہئے کیونکہ شوگر ملز مالکان ڈیلرز کو 25پیسے کلو اور ڈیلرز ہول سیلرز کو 35پیسے کلو مارجن اور ڈیڑھ روپے کلو ٹرکوں وغیرہ کے بار برداری لوڈنگ ان لوڈنگ کے اخراجات ملا کر دیتے ہیں۔
پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر نے مزید بتایا کہ ایکس ملز ریٹ سے لیکر گلی محلے کے دکاندار تک چینی آٹھ سے دس روپے تمام اخراجات ملا کر پرچون خریداری کو ملنا ضروری ہے۔
ایسا کرانا ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا نصب العین ہے۔ شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 30نومبر تک چینی کے ایکس ملز ریٹ 85روپے اور 15دسمبر تک 80روپے ہو سکتے ہیں۔