• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں کرپشن بری نہیں سمجھی جاتی، ججوں کے سامنے سزا یافتہ کو چیف گیسٹ بنانا پیغام ہے، ڈاکا مارنا ہے تو بڑا مارو، وزیراعظم


اسلام آباد / دینہ(نمائندگان جنگ ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہےکہ جب کرپشن کو برائی نہ سمجھا جائے تو معاشرے میں محنت کون کرے گا؟ایسا معاشرہ جس میں محنت کرنےوالا یہ دیکھے کہ قبضہ گروپ بڑے بڑے پلازے بھی کھڑے کرلیتا ہے اور وہ اسمبلیوں تک بھی پہنچ جاتا ہے تو ایسے معاشرے میں اخلاقیات پروان نہیں چڑھ سکتیں،لاہورمیں ایک سیمینار ہوا جس میں سپریم کورٹ کے ججز بلائے گئے.

سیمینار میں اس بندے کو بھی بلایا گیا جو ملک کا پیسہ چوری کر کے باہر بھاگا ہوا ہے، سیمینار میں ججوں کے سامنے سزایافتہ کو چیف گیسٹ بنانا پیغام ہے،ڈاکا مارنا ہے تو بڑا مارو،سب سے بڑی برائی یہی ہے کہ ہم چوروں کو برا نہیں سمجھتے

پیر کوجہلم میں القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپنی آئندہ نسلوں کو سیرت النبیؐ اور اولیاکرام کی تعلیمات سے آگاہ کرنے اور کردار سازی کیلئے القادر یونیورسٹی اور رحمت اللعالمین اتھارٹی تحقیق کے اہم مراکز ہوں گے، القادر یونیورسٹی مسلم امہ کو درپیش فکری مسائل کو سلجھانے کے حوالے سے عالمی سکالرز کے تعاون سے تحقیق و مباحثہ کا محور بنے گی

قرآنی احکامات کے باوجود معاشرے میں اجتہاد سے دوری بدقسمتی ہے، اخلاقی اقدار کے حامل معاشرے کو ایٹم بم بھی تباہ نہیں کرسکتا،خودغرض ،بزدل اور بدعنوان شخص کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔

کرپٹ لیڈر ملک پر سب سے بڑا عذاب ہوتا ہے، کرپشن کو بُرا نہیں سمجھیں گے تو معاشرہ ترقی کیسے کریگا،عمران خان نےکہاکہ پاکستان میں موبائل فون انقلاب ضرور لایا مگر اخلاقی طور پر نوجوانواں کو کمزور کرنے میں بنیادی کردار بھی موبائل فون کا ہی ہے، بچوں اور نوجوانوں کی سرگرمیوں کی نگرانی ضروری ہے ، انہوں نےکہاکہ پاکستان اپنے قیام کے بعد تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔

1960 کی دہائی میں دنیا میں پاکستان کی ایک حیثیت تھی اور پاکستانیوں کی دنیا میں بہت عزت تھی۔ پھر ہم نے یہاں زوال آتے دیکھا۔ جب تک ہم سیرت النبیؐ پر نہیں چلیں گے ،علامہ اقبال کےخواب کی تکمیل نہیں کرسکیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا تعلیمی نظام ترقی کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے۔

ایک طرف انگریزی نصاب تعلیم دوسری طرف اردو اور پھر دینی مدارس ان تین متوازی نظام تعلیم سے تین مختلف طبقات نکلنا شروع ہوئے جن کا ایک دوسرے کوئی واسطہ نہیں۔

اس لئے ہم نے ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ پاکستانی لوگ اللّٰہ کے نام پر خیرات کرتے ہیں ، نماز ،روزہ ، حج و عمرہ کے پابندہیں۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کیخلاف قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔

وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز ملک میں کھاد کے موجودہ اسٹاک اور قیمتوں کے حوالے سے بلائے گئےجائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی ۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیاکہ وزیر اعظم کے پچھلے ہفتے ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات کی ہدایت کے بعد کھاد کی فی بوری قیمت فروخت میں اوسطاً 400 روپے کی کمی آئی ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سےمشیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی۔

تازہ ترین