• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنی نااہلی کا غصہ نکالنے کیلئے سلطنت عمرانیہ نے قوم کو چن لیا‘ عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے علاقہ عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کو یرغمال بنا کر اس پر جمود طاری کردینا آمریت کی نرسریوں میں پروان چڑھنے والوں کا شیوہ رہا ہے، اسی طرزحکمرانی کی وجہ سے ملکی معاشی سرگرمیاں سلب ہوکر رہ گئی ہیں۔ عوام بڑھتی ہوئی غربت و افلاس کے باعث معاشی خودکشیوں کی جانب راغب ہوتے جارہے ہیں ہر دوسرے دن فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو بجلی کے جھٹکے دیئے جارہے ہیں، حالانکہ دنیا بھر میں گزشتہ تین ماہ سے تیل کی قیمت کم ترین سطح پر ہے، اپنی نااہلی کا غصہ نکالنے کے لئے سلطت عمرانیہ نے اپنی ہی قوم کو چن رکھا ہے۔ کھاتوں کے خساروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر پورا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں جمہوریت پلیٹ میں رکھی ملی ہو وہ کیونکر جمہور کے قدردان ہوسکتے ہیں۔ سیاست کو بازیچہ اطفال سمجھنے والے ضیاء آمریت کے کٹھن دور حکومت میں گلیوں میں کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ تب ملک کے سیاسی وارث اور تربیت یافتہ سیاسی کارکن پھانسیوں کے پھندوں کو چومتے، پابند سلاسل رکھنا کوڑے کھانا اور ریاستی جبر کو اپنے لئے قومی اعزاز سمجھتے تھے۔ آج جیسی بھی دھندلی زدہ و من پسند چہروں پر مشتمل جمہوریت کا بولا بالا ہے یہ انہی جمہوریت پسندوں کی عملی جدوجہد کی مرہون منت ہے ۔
تازہ ترین