بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کی مبینہ بھتہ خور کے ساتھ تصاویر لیک ہوگئیں جس کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں کی تصاویر آن لائن منظر عام پر آنے کے بعد بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز مبینہ طور پر سکیش چندر شیکھر نامی بھتہ خور سے اپنے تعلق کی وجہ سے قانونی مشکل میں پڑ سکتی ہیں۔
وائرل تصاویر میں جیکولین فرنینڈز کو بھتہ خور کے ساتھ ’مِرر سیلفی‘ لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اداکارہ اُن کے گال پر بوسہ بھی دے رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر انٹرنیٹ پر اس وقت سامنے آئیں جب جیکولین فرنینڈز نے مبینہ طور پر بھتہ خور کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلق سے انکار کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تصاویر رواں سال اپریل یا مئی میں لی گئی تھیں جب چندر شیکھر عبوری ضمانت پر جیل سے باہر تھے اور دونوں چنئی میں چار بار ملے تھے۔
جیکولین فرنینڈز کے بھتہ خور کے ساتھ تعلق کی خبریں اکتوبر میں سامنے آئیں تھیں تاہم اداکارہ نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں جیکولین فرنینڈس کو قانون نافذ کرنے والی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹر (ای ڈی) کی جانب سے بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ 30 اگست کو اسی کیس میں اداکارہ کو طلب کیا گیا تھا جہاں اُن سے تقریباََ 5 گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کی جانب سے سکیش چندرا شیکھر اور دیگر کے خلاف درج ہے جس پر 200 کروڑ کی بھتہ خوری کا الزام ہے جبکہ جیکولین فرنینڈس اُن کی قریبی دوست ہیں۔