• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردی میں اضافہ، پنجاب، KPK میں دھند کے ڈیرے

ملک کے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں جاری سردی کی شدید لہر میں سرد ترین مقام اسکردو ہے جہاں درجۂ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بدستور خشک اور سرد ہے، ملتان، راجن پور، جہانیاں، لودھراں، خانیوال سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج صوبۂ خیبر پختون خوا میں پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور صوابی میں رات اور صبح کے اوقات میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم شدید سرد ہے۔

شدید دھند کے باعث ملتان سکھر موٹر وے ایم تھری ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی، تاہم حدِ نگاہ بہتر ہونے پر اسے کھول دیا گیا۔

موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث ملتان خانیوال اور خانیوال عبدالحکیم موٹر وے صبح کے اوقات میں بند کی گئی۔

موٹر وے ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے صوابی انٹر چینج، ایم فور شیر شاہ انٹر چینج سے عبدالحکیم انٹر چینج اور ایم فائیو شیر شاہ انٹر چینج سے رکن پور تک بند کی گئی۔

سوات ایکسپریس وے بھی کرنل شیر خان انٹر چینج سے کٹلانگ Katlang انٹر چینج تک بند کی گئی۔

دھند کے باعث موٹر وے کی بندش کی وجہ سے موٹر وے پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی۔

تازہ ترین