• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان عالمی تنظیم او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو کونسل کیلئے منتخب

برسلز( حافظ انیب راشد ) پاکستان کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی عالمی تنظیم (OPCW) کی ایگزیکٹو کونسل کیلئے دوبارہ منتخب ہوگیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق آرگنائزیشن فار دی پروبیشن آف کیمیکل ویپنز( او پی سی ڈبلیو) کے یہ انتخابات 29 نومبر سے 2 دسمبر 2021 تک ممبر ریاستوں کے 26 ویں اجلاس کے دوران نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں منعقد ہوئے۔

پاکستانی وزارت خارجہ اور اس کے سفارتی ذرائع کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کی ترقی، پیداوار، ذخیرہ اندوزی اور ان کی تباہی سے متعلق کنونشن (CWC) 193 ممبر ریاستوں کے ساتھ تخفیف اسلحہ کا سب سے کامیاب معاہدہ ہے، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی ایک پوری کلاس کو ختم کیا ہے۔

یہ ایگزیکٹو کونسل (OPCW) کا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے جو کنونش کے موثر نفاذ اور اس کی تعمیل کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔ یہ کیمسٹری کے پر امن استعمال میں اپنے رکن ممالک کی سائنسی اور اقتصادی ترقی کی بھی حمایت کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان او پی سی ڈبلیو کا ایک فعال رکن ہے اور 1997 میں CWC کی توثیق کے بعد سے ایگزیکٹو کونسل میں خدمات انجام دے رہا ہے۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان سی ڈبلیو سی کے مقاصد کی تکمیل کیلئے تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے اپنی متعلقہ سہولیات پر OPCW کے معمول کے معائنے کی باقاعدگی سے میزبانی بھی کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق او پی سی ڈبلیو کی 41 رکنی ایگزیکٹو کونسل کیلئے پاکستان کا دوبارہ انتخاب تنظیم میں پاکستان کے مثبت کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس کے ساتھ ہی یہ انتخاب او پی سی ڈبلیو کے کام کو موثر قیادت اور تحریک فراہم کرنے کی پاکستان کی صلاحیت پر رکن ممالک کے اعتماد کی تصدیق بھی کرتا ہے۔

تازہ ترین