پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج آنے کے بعد کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی الیکشن میں ہار کے باوجود این اے 133 کی انتخابی مہم میں متحرک عہدیداران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کئے۔ ن لیگ نے عام انتخابات کے مقابلے میں 50 فیصد سے کم ووٹ حاصل کئے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے لاہور میں ایک نئی کروٹ لی ہے، اگلا دور پیپلزپارٹی کا ہوگا، پنجاب کا اگلا وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی سے ہوگا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ لاہور کا ضمنی الیکشن پیپلزپارٹی کے لئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی نے لاہور میں نیا جنم لیا ہے جو پنجاب میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔
واضح رہے کہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے 46811 ووٹ لیے جبکہ پیپلز پارٹی کے اسلم گل 32313 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ن لیگ کو 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں 42 ہزار 888 ووٹ کم ملے جبکہ پیپلز پارٹی کے ووٹوں میں 26 ہزار 728 کا اضافہ ہوا۔