پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ نرسری کراچی میں ایک اور کرکٹ اکیڈمی کا اضافہ ہوگیا، معروف بزنس مین و سیاستدان کامران خان ٹیسوری نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد, معروف تاجر جاوید قریشی اور کرکٹ آرگنائزر نواب عالم کے ساتھ میڈیا سے بات چیت میں پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا، کرکٹ کے ساتھ پوائنٹ کراچی اکیڈمی فٹبال، ہاکی سمیت انڈور گیمز کے فروغ کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے اکیڈمی کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ میری خدمات اکیڈمی اور شہر قائد کے لئے ہر وقت حاضر ہیں امید ہے کہ پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی دیگر اکیڈمیز سے مختلف اور متحرک ہوگی، کراچی کرکٹ کی سب سے بڑی نرسری ہے تاہم گزشتہ کئی سال سے یہ نرسری جمود کا شکار ہے، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی سے کرکٹ کو ختم کیا جارہا ہے۔
شہر میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ضرورت ٹیلنٹ کو تلاش کرنے والی آنکھوں کی ہے، میری مثال سب کے سامنے پے مجھے تلاش کرنے والی آنکھوں نے تین دن کے اندر مجھے ٹیسٹ کرکٹر بنادیا تھا، میں نے جتنی بھی کرکٹ کھیلی اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر کھیلی، آج بھی بے شمار کرکٹر صلاحیت کو پرکھنے والوں کے انتظار میں ہے۔
کامران ٹیسوری کا اسپورٹس کی جانب آنا خوش آئند ہے، ایک درد مند دل رکھنے والا اور کھیلوں سے محبت کرکے والا شخص ہی کراچی کرکٹ کو بحال کرسکتا ہے، کامران ٹیسوری نے کہا کہ پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی ملک میں کام کرنے والی دیگر اکیڈمیوں سے مختلف ہوگی، اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولت میسر ہوگی، کرکٹ کے ساتھ ہاکی، فٹبال کی جانب بھی ہماری توجہ ہے۔