سیالکوٹ میں پُرتشدد ہجوم کے ہاتھوں قتل کیے گئے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میت کولمبو پہنچادی گئی۔
پریانتھا کمارا کی میت کو گزشتہ روز سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا تھا، جہاں سے آج سری لنکن ایئرلائن کی پرواز یو ایل 186 کے ذریعے اسے کولمبو روانہ کیا گیا۔
میت کی منتقلی کے لیے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار علی الصباح اسپتال پہنچے تھے۔
ایک اہم میٹنگ کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اسلام آباد روانگی کی وجہ سے ان کی نمائندگی صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجازعالم نے کی۔
پریانتھا کمارا سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں بطور منیجر کام کرتے تھے جہاں 3 روز قبل سیکڑوں افراد نے انہیں توہینِ مذہب کے الزام میں تشدد کر کے قتل کرکے لاش جلا دی تھی۔
مشتعل ہجوم کے تشدد کے دوران ایک پاکستانی شہری ملک عدنان ان کو بچانے کی کوشش بھی کرتے رہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا، جب کہ پنجاب حکومت نے بھی انہیں انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔