• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام پھر اپنے حق کیلئے قربانیاں دینے کو تیار ہیں، وسیم اختر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ پر پاکستان دشمن جماعت قابض ہے، یہ وہ جماعت ہے جس نے پکا قلعہ حیدرآباد میں عوام کا قتل عام کروایا اور متعصب پیپلز پارٹی نے ہی پاکستان کو دولخت کیا،وہ سندھ حکومت کی جانب سے متنازع بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف کورنگی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے، مظاہرے میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی ، سی او سی کے اراکین ،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، وسیم اختر نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ گئے، کراچی کے حق کے لئے ہم نے سینٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کی، مگر ہماری آواز کہیں نہیں سنی جارہی، اب ہم احتجاج کریں گے، آج پھر کراچی کے عوام اپنے حق کے لئے قربانیاں دینے کو تیار ہیں،انہوں نے کورنگی کے عوام سے استفسار کیا کہ کیا وہ وزیراعلیٰ ہائوس جانے کو تیار ہیں؟ تو عوام نے بھرپور انداز میں رضامندی ظاہر کی،سابق میئر نے کہا کہ ہم صرف مہاجروں کے حق کی بات نہیں کر رہے، سندھیوں اور سندھ میں رہنے والے تمام باشندوں کے حق کے لئے بات کر رہے ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ اب احتجاج سے واپسی نہیں ہوگی، ہم اکیلے نہیں سندھ کی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں، اس کے بعد شارع فیصل جائیں گے اور اگلا پڑائو وزیراعلی ہائوس ہوگا، ہم جیل بھرو تحریک بھی شروع کریں گے۔