• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈکیتی کی کوشش، فائرنگ سے ملزم کا ساتھی ہلاک، شہری سمیت 2زخمی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ صادق آبادکے علاقہ میں ڈکیتی کی کوشش کرنے والاڈاکو ساتھی ملزم کی فائرنگ سے ہلاک جب کہ دوسراڈاکو اورشہری زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق پیر کو دن پونے دو بجے محمد سہیل مارکیٹ کے کرایہ داروں سے کرایہ وصول کرنے کے بعد تقریباً پندرہ لاکھ روپے لے کرجارہاتھاکہ اس دوران دو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر ڈاکٹر عبدالقدیرخان روڈپراس سے رقم والا بیگ چھیننے کی کوشش کی اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے سہیل کی بائیں ٹانگ پر گولی مار دی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ ہاتھاپائی کے دوران سہیل نے ایک ملزم کوپکڑلیا تودوسرے ملزم نے اپنے ساتھی کوچھڑوانے کے لئے فائرنگ کی ،فائراس کے اپنے ساتھی شکیل شاہ کولگے جس سے وہ موقع پرہی ہلاک ہوگیا اس دوران زخمی سہیل نے شکیل شاہ سے پسٹل چھین کراپنے دفاع میں دوسرے ڈاکوپرفائرنگ کی جس سے ملزم امریز شاہ گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا دونوں زخمیوں کو بے نظیربھٹوہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ایس ایچ او تھانہ صادق آباد طاہر ریحان نے بتایاکہ ہلاک ہونے والا ڈاکو شکیل شاہ سابقہ ریکارڈیافتہ ہے جوپہلے بھی مقدمات میں چالان ہوچکاہے ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والاڈاکو اسلام آبادمیں 6معصوم شہریوں کوڈکیتی کے دوران قتل کرنے سمیت دیگرسنگین جرائم کے مقدمات میں ریکارڈیافتہ ہے ۔
اسلام آباد سے مزید