• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدار کا محکمہ سیاحت کے دفتر پر چھاپہ، سیکریٹری فارغ

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس پر چھاپہ مار کر ڈیوٹی سے غیر حاضر سیکریٹری سیاحت کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے اور دیگر غیر حاضر افسروں اور عملے کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار بغیر پروٹوکول ساڑھے 10 بجے اچانک محکمۂ سیاحت کے ہیڈ آفس پہنچ گئے، پرنسپل سیکریٹری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نے افسروں اور عملے کی حاضری چیک کی اور سیکریٹری سیاحت سمیت دیگر افسروں اور عملے کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے سیکریٹری سیاحت کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے جبکہ دیگر غیر حاضر افسروں اور عملے کو معطل کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ غیر حاضر افسروں اور عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ساڑھے10بجے تک دفتر نہ آنے والے افسروں اور عملے کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، تاخیر سے دفتر آنا سرکاری فرائض میں غفلت ہے، دفاتر میں وقت کی پابندی پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر محکمے کا اچانک دورہ کریں گے اور محکموں کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کریں گے، وقت پر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے خبر دار کیا کہ سرکاری افسران اور عملہ اپنا قبلہ درست کر لیں ۔

قومی خبریں سے مزید