• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملٹی ملین ڈالر سیڈ راؤنڈ کے بعد ریٹیلرز کی سہولت کیلئے برانڈورس کی Chikoo ایپ لانچ

پاکستان کے معروف اسٹارٹ اپ برانڈورس نے JS گروپ کی قیادت میں ملٹی ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے اعلان کے ساتھ اپنی Chikoo ایپ لانچ کی ہے جو خوردہ فروشوں (ریٹیلرز) کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں اپنا ای کامرس اسٹور شروع کرنے کے قابل بناتی ہے۔

برانڈورس ای کامرس تک رسائی کو آسان بنا کر چھوٹے کاروبار کو منافع بخش بنانے اور پائیدار ترقی کے لیے کام کر رہا ہے۔ برانڈ ورس کے مطابق حالیہ سرمایہ کاری کے سیڈ راؤنڈ میں سرمایہ کاروں، علاقائی خاندانی دفاتر اور آپریٹر اینجلز کی طرف سے بھی شرکت کی گئی۔

کمپنی نے ٹی سی ایس کے سابق گروپ سی او او، فیضان صدیقی کی بطور شریک بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر تقرری کا اعلان بھی کیا تاکہ برانڈورس کی ترقی اور غیر ملکی منڈیوں میں توسیع کے اگلے مرحلے میں معاونت مل سکے۔

اس راؤنڈ کے ساتھ برانڈورس اپنی Chikoo ایپ کو مزید مضبوط کرے گا جو ریٹیل ویلیو چین میں آف لائن، ہائپر لوکل اور آن ڈیمانڈ ای کامرس دونوں کو قابل بناتا ہے۔

Chikoo ایپ چھوٹے کاروباریوں یعنی محلوں میں موجود دکانوں، گھروں میں موجود کاروبار اور عام تاجروں کو ای کامرس پر منتقل ہونے میں مدد فراہم کر رہی ہے جو عام طور پر آن لائن جانے سے ہونے والے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے یا صلاحیت نہیں رکھتے۔

Chikoo ایپ چھوٹے کاروباریوں کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں اپنا ای کامرس اسٹور شروع کرنے کے قابل بناتی ہے۔

برانڈورس کے سی ای او رضا متین کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں معلوم تھا کہ ہم پاکستانی چھوٹے کاروبار کے ذریعے انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر اپناتے ہوئے دیکھیں گے اور برانڈورس کی بنیاد اسی لیے رکھی کیونکہ ہم اس تبدیلی کے ذریعے ملک کی ترقی کی کہانی کو نئے سرے سے متعین کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے تھے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی عالمی وباء نے پاکستان کے چھوٹے کاروباریوں کے لیے اس تبدیلی کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے، ہم فیضان صدیقی کو خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ ماضی کی طرح ہماری ترقی کی کوششوں کی رفتار کو مزید بڑھائیں گے۔

پاکستان ایشیا کی سب سے بکھری ہوئی خوردہ منڈیوں میں سے ایک ہے، جہاں تمام خوردہ کھپت کا بڑا حصہ ملک بھر میں پھیلے 20 لاکھ سے زیادہ چھوٹے خوردہ کاروبار کے ذریعے ہوتا ہے۔ ان دکانوں کو جہاں مصنوعات اور انوینٹری کی درجہ بندی کے ساتھ روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہیں یہ اپنی اشیاء کی آن لائن رسائی اور فروخت بڑھانے کے قابل بھی نہیں ہیں۔

مصنوعات کی عدم دستیابی، قیمتوں میں شفافیت کا فقدان اور ناقابل بھروسہ ڈیلیوری جیسے مسائل ان کی کاروبار کو منظم کرنے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔

Chikoo چھوٹے خوردہ کاروبار میں ایک ورچوئل ونڈو کا اضافہ کرتا ہے، جس سے وہ نئے گاہک تلاش کر سکتے ہیں اور فوری طور پر آن لائن کاروبار کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں ۔ Chikoo نے پیمنٹ سسٹم، لاجسٹکس اور مارکیٹنگ کے لیے تھرڈ پارٹیز کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ ایک قابل اعتماد حل فراہم کیا جا سکتے۔

برانڈ ورس کی Chikoo ایپ کے ذریعے کوئی بھی کاروبار تین منٹ سے کم وقت میں آن لائن ہو کر برانڈورس پروڈکٹ ڈیٹا انجن کی مدد سے اپنی موجودہ ان سٹور انوینٹری کو فروخت کرنا شروع کر سکتا ہے۔ اس انوینٹری میں پہلے ہی ایک لاکھ سے زیادہ گھریلو مصنوعات کو شامل کیا گیا ہے جب کہ مزید 30 کروڑ بین الاقوامی مصنوعات کی بار کوڈ اسکین کرکے کسی بھی اسٹور میں شامل کی جا سکتی ہیں۔

جے ایس گروپ کے وینچر کیپٹل کے ڈائریکٹر سلال حسن نے کہا کہ ایسی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ہمارے یقین کا مرکز ہے جو ادارہ جاتی خلا کو پُر کرتی ہے، جہاں گاہک مصنوعات، پلیٹ فارم یا سروس کے ساتھ طویل مدتی مثبت اقتصادی تعلقات کو برقرار رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برانڈورس میں، ہم نے ایک تجربہ کار انتظامی ٹیم کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس کے پاس ایک وسیع تجربہ اور بےمثال بصیرت موجود ہے۔

برانڈورس کو 2018 میں قائم کیا گیا جس کا مقصد پاکستان میں ای کامرس کی اگلی نسل کے لیے بہترین درجے کے حل تیار کرنا ہے۔

تازہ ترین