• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی سطح پر 70فیصد بچوں میں ناخواندگی کا خدشہ

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم و تربیت کو توقع سے کہیں زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ عالمی بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھی لاکھوں بچے اسکولوں میں جانے سے محروم ہیں۔ رپورٹ کے مطابقایسے بچوں کا تناسب تقریباً 70 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، جو 10سال کی عمر تک سادہ متن کو پڑھنے اور سمجھنے کے قابل نہیں ہوں گے۔ عالمی بینک کے مطابق بند اسکولوں سے متاثر ہونے والے بچوں کے باعث دنیا کو مستقبل میں 17ارب یورو کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کی ایک اور لہر کا سلسلہ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ میں 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 98 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، جس سے وہاں جان لیوا وبا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 9ہزار 266 ہو گئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق آکلینڈ سے 74، وائیکوٹا سے 10، خلیج پلینٹی سے 8، ٹیراناکی سے ایک اور نیلسن سے 5نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا کہ ملک کے اسپتالوں میں 66 متاثرہ افراد زیر علاج ہیں اور 7مریض انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہیں۔خبررساں اداروں کے مطابق ملیریا کے خلاف جنگ کو کورونا وبا کی وجہ سے شدید دھچکا لگا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق 2020 ء میں مچھروں سے پھیلنے والی اس بیماری سے تقریباً 6لاکھ 27ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 2019ء کے مقابلے میں یہ تعداد 70ہزار زائد بنتی ہے۔ دو تہائی اضافی اموات وبائی امراض سے متعلق روک تھام، تشخیص اور علاج میں خرابیوں کی وجہ سے ہوئیں۔
تازہ ترین