• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھـ: گرفتار مبینہ دہشتگردوں کے اسلحہ فارنزک میں اہم انکشافات

اندرون سندھ کالعدم قوم پرست جماعت کے گرفتار مبینہ دہشتگردوں سے ملنے والے اسلحے کا فارنزک کروالیا گیا، برآمد اسلحے سے پی ٹی آئی رہنما سمیت 4 افراد کو قتل کیا گیا، حکام کے مطابق مبینہ دہشتگردوں کو فسادات کروانے کا ٹاسک ملا تھا۔

سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ سے گرفتار 4 مبینہ دہشتگردوں کی تفصیلات جیو نیوز نے حاصل کرلی ہیں، حکام نے بتایا کہ 4 میں سے 2 دہشتگردوں سے وارداتوں میں استعمال اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

گرفتار مبینہ دہشتگرد باسط چولیانی اور سکندر آریجو سے دو پستول برآمد کیے گئے ہیں، برآمد اسلحے کا فارنزک کروا لیا گیا ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ پی ٹی آئی رہنما رانا سخاوت کے قتل میں یہی ہتھیار استعمال ہوئے۔

اس کے علاوہ باجوڑ ایجنسی کے رہائشی عطا اللّٰہ کو انہی ہتھیاروں سے قتل کیا گیا، ملزمان نے دادو میں 12 ستمبر کو بھی ایک قتل کیا تھا، ملزمان نے 9 ستمبر کو آئل ٹینکر کو بھی آگ لگائی تھی۔

حکام نے مزید بتایا کہ دیگر 2 ملزمان فہد عرف وقار چولیانی اور اسد اللّٰہ چولیانی سے بھی اسلحہ اور دستی بم ملے ہیں۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ان وارداتوں کے ذریعے لسانی فسادات کروانا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ ملزمان کو وفاقی حساس ادارے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا۔

تازہ ترین