اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی وفد نے جمعہ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزارت داخلہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی وفد نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت کے اعلی حکام سے ملاقات کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹیم کی فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کرادی ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی سکیورٹی کے تمام انتظامات کرلئے ہیں۔ سندھ اور پنجاب حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مکمل رابطہ ہے۔ قوم 24 سال سے ملک میں پاک آسٹریلیا مقابلوں کی منتظر ہے۔ امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔