• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: ایئر ریسکیو سروس ترقیاتی پروگرام میں شامل


پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ایئر ریسکیو سروس پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 22-2021ء میں شامل کر لیا گیا ہے۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایئر ریسکیو سروس کے لیے 1 ارب 16 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس سروس سے صوبے کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں تک رسائی ممکن ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس سروس سے مریضوں کو ریسکیو کی تیز ترین سہولت میسر آئے گی اور قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکیں گی۔

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کا مزید کہنا ہے کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے منصوبے کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے، ان شاء اللّٰہ یہ منصوبہ رواں مالی سال شروع ہو جائے گا۔

سردار عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ منصوبے سے ریسکیو سروسز میں انقلاب آئے گا، پنجاب کو جنوبی ایشیاء کی پہلی ریسکیو ایئر ایمبولینس شروع کرنے کا اعزاز حاصل ہو گا۔

تازہ ترین