پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کراچی سے متعلق جماعت اسلامی کے مؤقف کی حمایت کردی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا بیان افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کسی تعصب زدہ شخص کے انداز میں گفتگو کی ہے، پیپلز پارٹی کی توجہ کراچی کے مسائل حل کرنے پر ہے ہی نہیں۔
پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ وہ کراچی سے متعلق جماعت اسلامی کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کی سیاست ریاست کے لیے خطرناک ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی والوں کو محروم کر کے بلوچستان جیسی صورتحال پیدا کی جارہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی غیر قانونی قوانین منظور کر کے لسانی سیاست کر رہی ہے، جسے مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام سے متعلق وڈیرہ شاہی اور تعصب کی سیاست قبول نہیں کی جاسکتی، بااختیار شہری حکومت کا نظام قائم ہونا چاہیے۔