یورپین دارالحکومت برسلز میں یورپین فارن افئیرز کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا ہے، یہ اجلاس اس سال کا آخری اجلاس ہوگا۔
اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یورپین خارجہ امور کے سربراہ اور نائب صدر جوزپ بوریل نے اجلاس کا ایجنڈا بیان کیا۔
جوزپ بوریل کے مطابق اس ایجنڈے میں یوکرین کی صورتحال اور اس کی سرحدوں پر روسی فوج کا اجتماع سر فہرست ہے، جبکہ افغانستان، قبرص اور وسطی ایشیا کے معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ تھے۔
اس موقع پر انہوں نے روس کو خبردار کیا کہ وہ یوکرین میں کسی بھی فوجی جارحیت سے باز رہے ورنہ اسے اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے آگاہ کیا کہ ایک دن قبل انہوں نے بیلاروس کی اپوزیشن اور سول سوسائٹی کے ارکان سے ملاقات کی ہے اور یورپین کمیشن نے ان کے لیے 30 ملین یورو کی مزید امداد کا اعلان کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ روس پر کس طرح کی پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں، اس کا فیصلہ امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔