پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ سلیکٹ ہونے کی فکر ہے، ملک آئی ایم ایف کے اور عوام ﷲ کے حوالے ہیں۔
ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بیروزگاری سے پریشان ہیں، وزیرِاعظم کو مشین کے ذریعے سلیکٹ ہونے کا شوق ہے مگر مسائل حل کرنے کی فکر نہیں ہے۔
رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ پر تکنیکی اور آئینی اعتراضات اٹھائے ہیں اور دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے ای وی ایم کو ناکام قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے کسی ملک میں ای وی ایم استعمال نہیں ہورہا، جرمنی جیسے ملک کی سپریم کورٹ نے2009ء میں الیکٹرانک ووٹنگ کو غیرآئینی قرار دیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کی چیخیں نکالیں اور دوبارہ مسلط ہونا چاہتے ہیں، ملک ایک اور نئے تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا، الیکشن میں مداخلت کو ختم کرنا ہوگی۔
شازیہ مری نے کہا کہ آج چولہوں میں گیس نہیں، روزگار نہیں، ادویات مہنگی، راشن مہنگا اور بجلی مہنگی ہے، آج ہر پاکستانی، بچہ، بوڑھا، نوجوان 2 لاکھ روپے کا مقروض ہوچکا ہے۔
بیان میں شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ روز اپوزیشن کو گالیاں دینے سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے، عمران خان نے اس ملک کو ناقابل فراموش نقصان پہنچایا ہے، ملک کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے اس نااہل حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتا ہے مگر افسوس یہ ہو نہیں رہا، ہمیں خود کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔