اسلام آباد،لاہور (صباح نیوز،آئی این پی ) سپریم کورٹ بار نے تاحیات نااہلی کے خلاف آئندہ ہفتے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے تمام عہدیداروں سے مشاورت مکمل کرلی ہے،سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے لندن سے واپسی کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو تاحیات نااہل نہیں قرار دیا جاسکتا، اس حوالے سے سپریم کورٹ بار کے تمام عہدیداروں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، سپریم کورٹ بار آئندہ ہفتے تاحیات نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکرے گی، نیب ترمیمی آرڈیننس 2021کے خلاف سپریم کورٹ بار نے پٹیشن تیار کرلی ہے جو جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔