• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاسٹ بولر محمد حسنین اسپیڈ میں تسلسل کے ساتھ قومی ٹیم میں کم بیک کے خواہشمند

---تصویر بشکریہ رپورٹر
---تصویر بشکریہ رپورٹر

 این سی اے بولرز ڈویلپمنٹ کیمپ میں شریک فاسٹ بولر محمد حسنین کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہا ہوں، اب ہدف تسلسل کے ساتھ اچھی رفتار سے بولنگ کر کے قومی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے۔

26 سالہ محمد حسنین 15 ون ڈے میچز اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں،  2019ء  میں ون ڈے ڈیبیو اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر نے آخری ون ڈے فروری 2025ء جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ دسمبر 2024ء میں کھیلا اور اب ان کا ہدف قومی ٹیم میں کم بیک ہے۔

بولرز کیمپ کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں محمد حسنین نے کہا کہ کیمپ بہت اچھا جا رہا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا ہوا آ رہا ہوں، کوچز بہت سپورٹ کر رہے ہیں، سکھا رہے ہیں، کیمپ میں نوجوان فاسٹ بولرز بھی ہیں جو کہ اچھی چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں اچھی رفتار والے نوجوان فاسٹ بولرز ہیں، فاسٹ بولرز دکھائی بھی دیتے ہیں، اچھی بات ہے کہ پاکستان کو فاسٹ بولرز مل رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ یہ پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔

محمد حسنین نے کہا کہ میں خود کو دیکھتا ہوں، مجھے تسلسل کے ساتھ اپنی اسپیڈ کو برقرار رکھنا ہے، اس کے لیے کام کر رہا ہوں، فٹنس پر بھی توجہ ہے کیونکہ اسپیڈ کے لیے فٹنس ضروری ہے، میرا اس وقت صرف قومی ٹیم میں کم بیک کرنے پر فوکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیڈ میں کمی انجری یا اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے آ جاتی ہے، میں اس وقت یہ دیکھ رہا ہوں کہ مجھے جو بھی کرکٹ ملے مجھے وہ کھیلنا ہے، وہ 4 اوورز والی ہو یا 10 اوورز والی یا ریڈ بال کرکٹ، میں تمام طرز کی کرکٹ کے لیے خود کو تیار کر رہا ہوں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید