آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں بھی شاندار آغاز کیا، پنک بال سے ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ہوم ٹیم نے 221 رنز بنالیے انگلینڈ کے بولرز صرف 2 وکٹیں حاصل کرسکے۔
ایڈیلیڈ میں ٹیسٹ شروع ہونے سے پہلے ہوم ٹیم کو دھچکا لگا، کپتان پیٹ کمنز میچ سے باہر ہوگئے، جس کی وجہ یہ تھی کہ ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے والے شخص کے ساتھ قریبی رابطہ رہا۔
پیٹ کمنز 7 دن کے لیے آئیسولیشن میں چلے گئے اور کپتانی اسٹیو اسمتھ کو مل گئی، جنہوں نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی۔
اوپنر مارکس ہیرس تو 3 رن بنا کر اسٹیورٹ براڈ کا شکار بن گئے، لیکن پھر مارنس لبوشین نے ڈیوڈ وارنر کا ساتھ دیا اور اسکور 4 رن سے 176 تک پہنچا دیا۔
وارنر بد قسمت رہے کہ 5 رنز کی کمی کے باعث سنچری مکمل نہ کر سکے، انہیں بین اسٹوکس نے آؤٹ کیا۔
جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا آسٹریلیا نے دو وکٹ پر 221 رنز بنا لیے، لبوشین 95 اور کپتان اسمتھ 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔