اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا‘ان کی حیثیت عمران خان کے مقابلے میں سیاسی بونوں جیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے طاقتور بلدیاتی نظام کا وعدہ پورا کیا‘خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں‘ ماضی کے بلدیاتی انتخابات میں چیف منسٹرز کو ڈکٹیٹر بنا کر بٹھا دیا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نے 17تحصیل نشستوں پر کامیابی حاصل کی، کئی جگہوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوئے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مد مقابل جماعتوں کا موازنہ کیا جائے تو پنجاب میں پی ٹی آئی کا مقابلہ ایک پارٹی سے، سندھ میں دوسری اور خیبر پختونخوا میں کسی تیسری جماعت سے ہے۔