• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ جنوبی افریقا کے گریم اسمتھ، باؤچر کو نسلی امتیاز پر تحقیقات کا سامنا

کیپ ٹائون (جنگ نیوز ) جنوبی افریقہ کرکٹ کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ اور ملکی ٹیم کے ہیڈکوچ مارک باؤچر کو مبینہ طور پر نسلی امتیاز برتنے پر تحقیقات کا سامنا ہے۔ انکوائری اگلے برس کے اوائل میں ہوگی، اس وقت تک دونوں عہدیدار موجودہ ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں ہوا جب بھارتی ٹیم جنوبی افریقا میں موجود ہے۔ سابق کپتان گریم اسمتھ، اے بی ڈیویلیئرز اور وکٹ کیپر مارک بائوچر کے نام سوشل جسٹس اینڈ نیشنل بلڈنگ کی رپورٹ میں آیا تھا۔ جس کے مطابق مبینہ طور پر تینوں سابق کرکٹرز رنگ و نسل کی بنیاد پر کسی عمل میں ملوث رہ چکے ہیں۔ کرکٹ حکام کے مطابق یہ رپورٹ ’غیریقینی‘ ہے اور محتسب کہہ چکے ہیں کہ وہ حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے۔ تاہم بورڈ نے ملازمین کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ بورڈ نے نسلی امتیاز کے الزمات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ چیئرپرسن لاسن نائڈو نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے الزامات کا سامنا کرنے والوں کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع ملے گا اور کوئی حتمی فیصلہ ہو سکے گا۔ جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز ایک حساس معاملہ ہے۔ سیاہ فام امیدواروں کی جگہ سفید فام گریم اسمتھ اور مارک باؤچر کی تعیناتی 2019سے متنازع رہی ہے۔ گریم اسمتھ کا معاہدہ اگلے برس مارچ میں ختم ہو رہا ہے، جب کہ مارک باؤچر کا معاہدہ 2023تک ہے۔

تازہ ترین