پیرس، بیجنگ، لندن(اےایف پی، جنگ نیوز) برطانیہ و دیگر ممالک میں اومی کرون کے بڑھتے ہوئےکیسز کے پیش نظرچین میںبھی سوا کروڑ آبادی کاشہر لاک ڈائون کردیاگیا، اسکاٹ لینڈ میں کرسمس تقریبات کے موقع پر نائٹ کلب بند کردیئے گئے، جرمن ایئرلائن نے کئی پائلٹس کی طبیعت خراب ہونےپر33ہزار پروازیں ختم کرنے کا اعلان کردیا،اسپین کے شہر کاتالونیا میں کرسمس کے موقع پر رات کا کرفیو نافذ، یونان میں بھی کرسمس اور سال نو کے اجتماعات کے دوران فیس ماسک لازمی قرار دیدیا گیا،ڈنمارک نےملک میں داخلے کے خواہاں غیر ملکیوں کو ویکسی نیشن کے باوجود کورونا منفی ٹیسٹ فراہم کرنے کی ہدایت کردی،ایسٹرا زینیکا نےاپنی ویکسین کی تیسری ڈوزکےنئی کورونا قسم کیخلاف موثر ہونے کا دعویٰ کیاہے۔غیر ملکی خبررساںادارے کےمطابق دنیا بھر میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے بڑھتے کیسز اور چند چینی شہریوں میںنئی قسم کی تشخیص کےبعد چین نے اپنی سوا کروڑ آبادی والے شہر ’’شی آن‘‘ میں لاک ڈائون نافذ کردیاہے تاکہ اس قسم کو پھیلنے سے روکا جاسکے اور چین اپنے ’’زیرو کیس‘‘ کے ہدف کو برقرار رکھ سکے، اس سلسلے میں شی آن شہر کے ایک رہائشی کاکہناہےکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس نئی قسم کو روکنے کیلئے یہ اقدام درست ہے۔دوسری جانب اسکاٹ لینڈ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئےآئندہ ہفتے سے نائٹ کلب بند کر دے گا جیسا کہ برطانیہ میں نئی قسم اومی کرون کے ریکارڈ کیسز سامنے آرہے ہیں۔اسکاٹش حکومت نے کہا کہ نائٹ کلب پیر کی صبح 5 بجے سے بند کردیئے جائینگےتاکہ اومیکرون کی منتقلی (جو تیزی سے پھیل رہی ہے ) کو روکا جاسکے۔ادھر جرمن فضائی کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ جرمن قومی کیریئر لفتھانزا نے کرسمس کے موقع پر کئی ٹرانس اٹلانٹک پروازیں منسوخ کر دی ہیں، کیونکہ رواںسال غیر معمولی تعداد میں پائلٹس بیمار ہوئے ہیں اوریہ کہنا کہ وہ کس وجہ سےبیمار ہوئےقبل از وقت ہوگا۔مجموعی طور پر، ایئر لائن23سے 26 دسمبر کے درمیان 6پروازوں ختم کرنے پر مجبورہوئی جس میں شکاگو، بوسٹن اور واشنگٹن کے لیے خدمات شامل تھیں۔بعد ازاں ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو کارزٹن اشپوہرنے موسم سرما کی تقریباً 10 فیصد پروازیں ختم کرنے کااعلان کردیاہےجیساکہ اومی کرون کے پھیلاؤ سے فضائی سفر کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ جنوری سے فروری کے وسط تک، ہمیں بکنگ میں تیزی سے کمی نظر آرہی ہے، جس کی وجہ سے ایئر لائن اس موسم سرما میں33ہزارپروازیں یا تقریباً 10 فیصد" پروازیں منسوخ کر رہی ہے۔دوسری جانب جمعرات کے روز اسپین کےشمال مشرقی علاقے میں ایک عدالت کی طرف سے اس اقدام کی منظوری کے بعد اسپین کے شہر کاتالونیا میںکورونا وائرس کے پھیلائوکو روکنے کیلئے کرسمس کے موقع پر رات کے وقت کرفیو دوبارہ نافذ کرنے کااعلان کردیاگیاہے،رواں ماہ کےآغاز میں کاتالونیا کی مقامی حکومت نے عدالت سے کہا تھاکہ وہ ان علاقوں میں رات کے کرفیو کو صبح 1:00 بجے سے صبح 6:00 بجے تک منظور کریں جہاں انفیکشن کی شرح فی ایک لاکھ آبادی میں250سے زیادہ ہے،یہ کرفیوآج جمعہ سے شروع ہوگا جو 15دن تک جاری رہے گااور اس دوران نئے سال کی زیادہ تر تقریبات متاثر ہوں گی،ساتھ ہی ساتھ فیس ماسک کے استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا گیاہے۔