• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر19 ایشیاکپ: بھارت کو شکست، پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

انڈر-19 ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم 49ویں اوور میں 237 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے آخری اوور کی آخری گیند پر جیت حاصل کی۔

بھارت نے ارادھیا یادیو کے 50، ہارنور سنگھ کے 46، راج وردھن ہنگرگیکر کے 33 اور کوشل تانبے کے 32 رنز کی بدولت 237 رنز بنائے۔ 

قومی بولرز میں سے ذیشان ضمیر 60 رنز دے کر 5 وکٹیں لے اڑے جبکہ اویس علی کے حصے میں 2 اور قاسم اکرم اور معاذ صداقت نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو بغیر کسی اسکور پر پہلے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم بعد میں محمد شہزاد نے پہلے معاذ صداقت کے ساتھ اور پھر قاسم اکرم کے ہمراہ پارٹنرشپ لگا کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور جیت کی جانب گامزن کیا۔ 

شہزاد نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد جب ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی تو ایسے میں قاسم اکرم، عرفان خان اور رضوان محمود نے بالترتیب 22، 33 اور 29 رنز کے ساتھ ٹیم کو سہارا دیا۔ 

اختتامی لمحات میں جب بھارتی بولرز پاکستانی بیٹرز پر حاوی دکھائی دے رہے تھے تو ایسے میں احمد خان نے 19 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز کی باری کھیل کر ٹیم کو آخری اوور کی آخری گیند پر جیت دلوادی۔

انڈر19 ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ نہ صرف سرِفہرست ہے بلکہ اس نے سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان اپنا آخری گروپ میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا۔

تازہ ترین