کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز ملتوی ہونے کے بعدامریکا اور آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ امپائر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔امریکی کرکٹ کا کہنا ہے کہ پہلا ون ڈے امپائرنگ ٹیم میں کوویڈ ٹیسٹ مثبت آنے پر منسوخ کیا گیا ہے، پہلا ون ڈے میچ 26 دسمبر کو فلوریڈا میں کھیلا جانا تھا۔منتظمین کے مطابق 4 رکنی میچ آفیشلز میں سے ایک کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔قریبی رابطے کی وجہ سے باقی 3 آفیشل بھی دستیاب نہیں تھے، میچ آفیشلز دستیاب نہ ہونے کے باعث میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون ڈے میچ 28 اور تیسرا 30 دسمبر کو ہوں گے جبکہ سیریز کے باقی میچز کے لیے امریکی منتظمین، آئر لینڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطے جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ صحت کی حفاظت یقینی ہونے کی صورت میں ہی سیریز کو جاری رکھا جائے گا۔