کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی، اومی کرون کے باعث صورت حال مشکل ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کا دورہ کرے گی، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر لحاظ سے مکمل رابطے میں ہیں،آسٹریلیا کی سیکورٹی ٹیم حال ہی میں تمام صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان گئی تھی جس کی رپورٹ مل گئی ہے، ہم پاکستان کے دورے کے لئے پر عزم ہیں، جب تک حالات محفوظ ہیں تب تک آسٹریلیا پاکستان کا دورہ کرنے کےلیے تیار ہے، اور دورہ شیڈول کے مطابق ہوگا، خیال رہے کہ اعلان کے مطابق آسٹریلیا کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ میں 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، جبکہ دونوں ٹیموں کے مابین ایک ٹی 20 بھی شیڈول ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آئندہ سال 7 مارچ سے شروع ہوگا جبکہ آخری اور واحد ٹی 20 میچ 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں جبکہ تمام چار وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دریں اثنا آسٹریلین میڈیا کے مطابق نک ہوکلے نے تصدیق کی ہے کہ کچھ عرصے قبل انٹیگریٹی چیف شین کیرول کی اور ایک خاتون کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو لیک ہوئی ہے جس میں خاتون کو کہتے سناجاسکتا ہے کہ انہوں نے ایک کرکٹر کو پارٹی میں کوکین لیتے اور نامناسب انداز میں خواتین کے ساتھ رقص کرتے دیکھا ہے۔ مذکورہ ایسکورٹ کی ذمہ داری انجام دینے والی خاتون کے مطابق کھلاڑی کا نام ظاہر کردیا جاتا تو اس کا کیریئر ہی ختم ہوسکتا تھا۔ تاہم یہ بات چیت کب ہوئی اس کا علم نہیں ہوسکا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق شین کیرول ایک سال قبل سی اے چھوڑ چکے ہیں۔ نک ہوکلے کے مطابق معاملے کی تحقیقات کیلئے پولیس کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ یہ ایک خفیہ رپورٹ تھی جو انٹیگریٹی یونٹ کو جمع کرائی گئی تھی۔ دریں اثنا میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ کیس اور سابق کرکٹر کا ہے اور گفتگو کئی برس قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ چند ہفتے قبل سابق کپتان ٹم پین کی جانب سے ایک خاتون کو نامناسب ٹیکسٹ میسجز کا معاملہ منظر عام پر آیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے قیادت سے استعفیٰ دیا تھا۔