 
                
                 
لاہور، مرید کے(نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ نواز شریف ابھی آئے نہیں اور حکومت کی ’ٹلی‘ بج گئی ہے، رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی واپسی کا خوف انہیں سونے نہیں دیتا، عمران نیازی کیلئے ایک ہی پیغام ہے کہ ’’بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے، رانا تنویر نے کہا روک سکو تو روک لو ،جلد نواز شریف علاج مکمل کرواکر پاکستان تشریف لانے والے ہیں، سعد رفیق نے کہا کہ شیر آیا تو سونامی جھاگ بن جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قوم اپنے قائد نواز شریف کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے، جن کا اپنا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں، نواز شریف ابھی آئے نہیں اور حکومت کی ’ٹلی‘ بج گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف بس الزامات ہی ہیں ثبوت کوئی نہیں ہے، نواز شریف کے واپس آنے کا خوف انہیں سونے نہیں دے رہا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نالائقی، نااہلی اور کرپشن کا سونامی لانے والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں، آپ کو جو کرنا ہے کریں جو کہنا ہے کہیں لیکن جانا تو پڑے گا۔ رہنما ن لیگ کا کہنا تھاکہ بوکھلائے ہوئے عمران نیازی نے گھبراہٹ میں پارٹی آئین ہی ختم کر دیا، عمران نیازی کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ "بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے"۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما خوا جہ سعد فیق نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی واپسی کی خبروں نے حکمرانوں کے اعصاب شل کر دیے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں لیگ رہنما خو اجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے نواز شریف کوواپس آنے سے روکنا عمران حکومت کا اولین ہدف ہے جو پورا نہیں ہو گا ، انہوں نے کہا کہ شیر آیا ْتو سونامی جھاگ بن جائیگی ۔