 
                
                 
 
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعے کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ مہمان ٹیم نے پہلا میچ55رنز سے جیتا تھا ۔ پاکستان کو قسمت کے ساتھ ساتھ اپنے اسٹار کرکٹرز کے چمکنے کا بھی انتظار ہے۔ پہلے میچ میں ٹاپ بیٹرز ناکام رہے جبکہ شاہین، نسیم اور ابرابر احمد نے دل کھول کر رنز دیے۔ دسمبر میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو دو صفر سے شکست دی تھی اس لئے پاکستان کو ایک اور سیریز میں شکست سے بچنے کیلئے دوسرا میچ جیتنا ضروری ہے۔ کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران اچھی شراکت داری نہیں بنا پارہے۔ سابق کپتان بابر اعظم پہلے میچ میں صفر پر آئوٹ ہوئے تھے، وہ ہوم گرائونڈ پرایک بار پھر تمام تر توجہ کا مرکز ہوں گے۔ بابراعظم نے پاکستان کے لیے 129ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں، دنیا میں اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بننے کے لیے آٹھ رنز درکار ہیں۔ وہ4223 رنز بناچکے ہیں جبکہ عالمی ریکارڈ بھارت کے روہت شرما کا ہے جو 159 میچوں میں4231 رنز بناچکے ہیں۔ شارجہ کے تین قومی ٹورنامنٹ اور ایشیا کپ سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کولاہور میں تین صفر سے شکست دی تھی لیکن جوابی سیریز میں بنگلہ دیش نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلے میں خراب کارکردگی کے باوجود شائقین میں جوش خروش عروج پر ہے ۔ آخری دونوں میچوں کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔