آنجہانی گلوکار زوبین گارگ کی اہلیہ گریما گارگ نے شوہر کا ہاتھ سے لکھا ہوا آخری خط شیئر کردیا ہے۔
آسام سے تعلق رکھنے والے گلوکار و اداکار زوبین گارگ 19 ستمبر کو سنگاپور میں مردہ پائے گئے تھے، جن کی موت کی خبر نے ان کے لاکھوں مداحوں کو افسردہ کردیا تھا۔
زوبین گارگ کی اہلیہ نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خط شیئر کیا ہے، جو گلوکار کی آخری فلم ’’روئی روئی بینالے‘‘ کی تشہیری مہم کا حصہ تھا، جو 31 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔
گریما نے انسٹاگرام پر زوبین کا یہ خط شیئر کرتے ہوئے اپنے جذباتی پیغام میں لکھا کہ تم نے 15 ستمبر کو جو خطوط لکھے تھے، اپنے پیارے لوگوں کے لیے ایک محبت بھرا پیغام! ہر لفظ دل کو چھو جاتا ہے، گولڈی۔
زوبین گارگ کی اہلیہ نے مزید لکھا کہ مگر میرے دل کے خلا میں ایک آگ جل رہی ہے، آخر 19 ستمبر کو کیا ہوا؟ کیسے؟ کیوں؟ جب تک اس سوال کا جواب نہیں ملتا، سانس لینا بھی مشکل لگتا ہے۔
آنجہانی زوبین کے ہاتھ سے لکھے اس خط میں لکھا تھا ’ذرا انتظار کرو، میری نئی فلم آ رہی ہے۔ ضرور دیکھنے آنا۔ محبت کے ساتھ، زوبین دا۔
یہ خط جو کبھی فلم کی تشہیر کا حصہ تھا، اب ان کے آخری پیغام کی علامت بن چکا ہے۔
فلم کے ڈائریکٹر راجیش بھویان نے بتایا کہ یہ زوبین کا خواب تھا۔ اب یہ ہماری زندگی کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی آخری فلم ریلیز کریں۔ وہ ہمیں آخری لمحے میں چھوڑ گئے، مگر ہم ان کا خواب پورا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
فلم میں زوبین ایک بینائی سے محروم موسیقار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
زوبین گارگ کی موت اب بھی کئی سوالات چھوڑ گئی ہے، ان کی اہلیہ گریما نے حال ہی میں کہا تھا کہ ہمیں یہ جاننا ہوگا کہ اصل میں کیا ہوا تھا۔ جنہیں سوال کیا جانا چاہیے، ان سے پوچھا جائے۔ تحقیقات جاری ہیں، قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا ، ہم سب کو تعاون کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ 19 ستمبر کو سنگاپور میں ایک جزیرے کے قریب تیرتے ہوئے زوبین کی موت واقع ہوئی تھی، جب وہ نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے تھے۔
زوبین گارگ نے 30 سال سے زائد کے کیریئر میں 40 سے زیادہ زبانوں میں گانے گائے، اب ان کی آخری فلم بھارت کے 50 مقامات پر ریلیز ہوگی، جن میں 31 بڑے شہر شامل ہیں۔