• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویانا: اقوامِ متحدہ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام ’آرٹ فار گلوبل پیس‘ نمائش

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اقوامِ متحدہ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام ’آرٹ فار گلوبل پیس‘ کی 2 روزہ نمائش کا افتتاح سفیرِ پاکستان نے کیا۔

پاکستان کے سفارت خانے اور مستقل مشن ویانا کے زیرِ اہتمام ’آرٹ فار گلوبل پیس‘ کے عنوان سے 2 روزہ آرٹ نمائش کا آغاز اقوامِ متحدہ ویانا انٹرنیشنل سینٹر میں ہوا جو اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے ویانا کا ہیڈکوارٹر ہے۔

افتتاحی تقریب کی صدارت پاکستان کے سفیر و مستقل نمائندہ محمد کامران اختر نے کی جبکہ آسٹریا کی وزارتِ خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کرسٹوف مائن برگ نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

تقریب کا آغاز ڈپٹی ہیڈ آف مشن عدیل خان آفریدی کے ابتدائی کلمات سے کیا گیا، انہوں نے آرٹ آف گلوبل پیس نمائش کا مقصد تفصیل سے بیان کیا اور حاضرین شرکاء کو شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر محمد کامران اختر نے کہا کہ یہ نمائش بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے اس وژن کا تسلسل ہے جس میں عالمی امن، انصاف اور خوش حالی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ امن برداشت، تکثیریت اور باہمی احترام کا علمبردار ہے اور آرٹ ایک ایسی عالمی زبان ہے جو سرحدوں سے ماورا ہو کر قوموں کو جوڑتی ہے۔

مہمانِ خصوصی کرسٹوف مائن برگ نے پاکستانی فنکاروں کے تخلیقی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آرٹسٹ روایتی اور جدید فنون کو نہایت خوبصورت انداز میں یکجا کرکے مکالمے اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

نمائش میں سفارتی شخصیات، اقوامِ متحدہ کے عہدیداران آسٹریا کے شہریوں اور دیگر معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستانی سفارت خانے کی اس تخلیقی اور مثبت سفارتی کاوش کو بے حد سراہا۔

نمائش کو جن 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا وہ کلاسیکی اور جدید پاکستانی مصوری و خطاطی، مشہور پاکستانی ’ٹرک آرٹ‘ او ر ’ماؤنٹنز آف پیس‘ گلگت بلتستان کے پہاڑی حسن، سیاحت اور کوہ پیمائی کی دنیا پر مبنی تصاویرپر مشتمل تھیں۔ دو روزہ نمائش 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

نمائش میں جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیاء کے مشترکہ امن کے خواب کو رنگوں اور تخلیقات کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔

پہلے دن تقریب کے اختتام پر غیر ملکی اور پاکستانی مہمانوں کی تواضع پاکستانی لذیذ کھانوں سے کی گئی خصوصاً غیر ملکی مہمانوں نے پاکستانی کھانوں کی تعریف کی۔

تقریب میں سفیرِ پاکستان کامران اختر ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانہ ویانا کے شاندار نمائش کا انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کامیاب نمائش پر مبارک باد دی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید